1 فروری 2015 - 07:39
دسیوں بحرینی شہریوں کی شہریت منسوخ

دسیوں بحرینی شہریوں کی شہریت منسوخ کرنے کے آل خلیفہ حکومت کے اقدام پر ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت جمعیت اسلامی الوفاق نے شدید احتجاج کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جمعیت اسلامی الوفاق نےایک بیان میں ایک بار پھر دسیوں بحرینی شہریوں کی شہریت سلب کرنے کے حکومتی اقدام کو سیاسی مخالفین سے انتقامی کاروائی بتاتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا- واضح رہے کہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے ہفتے کے روز ایک حکم جاری کرکے بہتر بحرینی شہریوں کی شہریت منسوخ کردی اور متعدد دیگر کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈال دیا ہے۔ در ایں اثنا بحرین کی انسانی حقوق کی تنظیم نے بھی آل خلیفہ حکومت کے توسط سے بہتر بحرینی شہریوں کی شہریت منسوخ کرنے کو انسانی المیہ قراردیتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے عالمی اعلامئےکی کھلی خلاف ورزی قرار دیا - اس تنظیم نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ وہ ان شہریوں کی شہریت سلب کرنے کے حکومتی اقدام کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کونسل سے شکایت کرے گي مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی اعلی کونسل بحرین میں شہری آزادی کی حمایت اور بحرین میں رونما ہونے والے انسانیت سوز واقعات کی روک تھام کرے۔ دوسری جانب بحرین کی جمعیت اسلامی الوفاق کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ سرگرم سیاسی کارکنوں خاص طور پر الوفاق پارٹی کے سکریٹری جنرل شیخ علی سلمان پر عائد کئے گئے الزامات کا مطلب یہ ہےکہ اس ملک کی حکومت کی نظر میں جمہوریت، آزادی اورسیاسی اصلاحات کا مطالبہ جرم اور قانونی حقوق کا مطالبہ کرنا ایک گناہ ہے- خلیل مرزوق نےکہا کہ لیکن جمعیت الوفاق اپنے قانونی حقوق کے دفاع کی راہ میں بحرینی شہریوں کے حقوق کے مطالبے سے پسپائی اختیار نہیں کرے گی- بحرین کی جمعیت الوفاق کے عہدیدار خلیل مرزوق نے اپنی پارٹی کے سکریٹری جنرل پر عائد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بحرینی عوام ان جھوٹے الزامات کے باوجود آل خلیفہ حکومت کے جبر و استبداد کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے۔ بحرینی سیاسی رہنما خلیل مرزوق نے مزید کہا کہ جمعیت الوفاق پر شروع دن سے ہی یہ بات واضح تھی کہ شیخ علی سلمان سے بازپرس اور ان کی گرفتاری بحرین کے نمائشی انتخابات کابائیکاٹ کرنے کے سبب، محض سیاسی انتقام ہے-

.......

/169